ملکی وسائل کو نقصان پہنچانے والوں کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی:سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس نے لیسکو کے تعاون سے بجلی چوروں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں رواں سال کے دوران 10 ہزار سے زائد ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ شہر کے مختلف تھانوں میں 9 ہزار سے زائد مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ترجمان لاہور پولیس کے مطابق بجلی چوری کے خاتمے کے لیے پولیس اور لیسکو کی مشترکہ ٹیمیں مختلف علاقوں میں متحرک ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں جاری ہیں۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ ملکی وسائل کو نقصان پہنچانے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ بجلی چوروں کے خلاف لیسکو انتظامیہ کے ساتھ رابطہ اور کوآرڈینیشن کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ کارروائیوں کے نتائج بہتر ہوں۔سی سی پی او نے بجلی چوری میں استعمال ہونے والی غیر قانونی ڈیوائسز تیار کرنے والے عناصر کے خلاف بھی گھیرا تنگ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ایسے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ بجلی چوری کے زیرِ تفتیش مقدمات کو تیز رفتاری سے منطقی انجام تک پہنچایا جائے تاکہ ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سزا دلوائی جا سکے۔ لاہور پولیس کے مطابق بجلی چوری کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔