رواں سال 50 پولیس اہلکاروں کے خلاف 28 مقدمات درج

کرپشن، ناقص تفتیش اور اختیارات سے تجاوز پر کارروائیاں عمل میں آئیں 
لاہور (کرائم رپورٹر) سال 2026ء کے دوران مختلف تھانوں میں پولیس افسران اور اہلکاروں کے خلاف 28 مقدمات درج کیے گئے۔ درج شدہ مقدمات میں کانسٹیبل سے لے کر سب انسپکٹر تک کے 50 اہلکار نامزد کیے گئے ہیں۔ذرائع پولیس ریکارڈ کے مطابق مقدمات میں 5 سب انسپکٹرز، 14 اے ایس آئیز جبکہ 31 ہیڈ کانسٹیبلز اور کانسٹیبلز کو نامزد کیا گیا۔ ان مقدمات کا اندراج مالی کرپشن، ناقص تفتیش، اختیارات سے تجاوز، سائلین کو ہراساں کرنے اور مختلف جرائم میں ملوث ہونے کے الزامات پر کیا گیا۔پولیس ریکارڈ کے مطابق ماڈل ٹائون ڈویژن میں پولیس اہلکاروں کے خلاف سب سے زیادہ 6 مقدمات درج ہوئے، جبکہ سول لائنز اور صدر ڈویژن میں 5، 5 مقدمات کا اندراج کیا گیا۔اسی طرح سٹی اور کینٹ ڈویژن میں پولیس اہلکاروں کے خلاف 4، 4 مقدمات درج کیے گئے، جبکہ اقبال ٹائون ڈویژن میں بھی رواں سال 4 مقدمات کا اندراج عمل میں لایا گیا۔