پنجاب میں مون سون بارشوں کی صورتحال کے حوالے سے پی ڈی ایم اے نے وزیراعلیٰ کی ہدایات پر فیکٹ شیٹ جاری کر دی، جس میں دریاؤں، بیراجز اور ڈیمز میں پانی کی سطح سمیت بارشوں کے اعدادوشمار شامل ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹوں میں سیالکوٹ میں بارش و بوندا باندی ریکارڈ کی گئی جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں میں صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارش کی پیشگوئی ہے۔
فیکٹ شیٹ کے مطابق:
مون سون بارشوں کا پانچواں سلسلہ آج شام سے شروع ہوگا۔دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔رواں سال بارشوں کے دوران 152 افراد جاں بحق اور 539 زخمی ہوئے۔بارشوں سے 210 گھروں کو نقصان پہنچا جبکہ 121 مویشی ہلاک ہوئے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق فصلوں اور مویشیوں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔
پانی کی موجودہ صورتحال:
منگلا ڈیم: 56% گنجائش پر
تربیلا ڈیم: 85% گنجائش پر
بھارتی ڈیمز: تقریباً 43% گنجائش پر
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ نشیبی علاقوں میں احتیاط برتیں اور دریاؤں کے قریب غیر ضروری آمدورفت سے گریز کریں۔