پنجاب میں مون سون تباہ کاریاں، پی ڈی ایم اے کی فیکٹ شیٹ جاری: 143 اموات، 488 زخمی

پنجاب میں مون سون تباہ کاریاں، پی ڈی ایم اے کی فیکٹ شیٹ جاری: 143 اموات، 488 زخمی

پنجاب میں مون سون بارشوں کے چوتھے سلسلے کے دوران مختلف اضلاع میں شدید بارشیں ریکارڈ کی گئیں، جس کے باعث جان و مال کا بھاری نقصان ہوا ہے۔

 پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے تازہ فیکٹ شیٹ جاری کرتے ہوئے صوبے بھر میں موجودہ صورتحال اور ممکنہ خطرات کی تفصیل فراہم کر دی ہے۔

بارشوں کا سلسلہ 25 جولائی تک جاری رہے گا
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کا موجودہ سلسلہ 25 جولائی تک جاری رہے گا، جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ سمیت بیشتر اضلاع میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اس تناظر میں تمام ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔

بارشوں سے جانی و مالی نقصان
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق رواں مون سون سیزن میں اب تک:

143 شہری جاں بحق
488 افراد زخمی
200 سے زائد مکانات متاثر
24 گھنٹوں میں چھت گرنے سے ایک ہلاکت اور 3 زخمی
121 مویشی ہلاک
جاں بحق افراد کی اکثریت کچے اور خستہ حال مکانوں، چھتوں کے گرنے، آسمانی بجلی گرنے اور دریاؤں میں نہاتے ہوئے ڈوبنے جیسے واقعات میں ہلاک ہوئی۔ پی ڈی ایم اے نے فصلوں اور مویشیوں کے نقصانات کے ازالے کا بھی اعلان کیا ہے۔

دریاؤں اور ڈیمز میں پانی کی صورتحال
فیکٹ شیٹ کے مطابق:

منگلا ڈیم میں پانی کی سطح: 53 فیصد
تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح: 79 فیصد
بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح: تقریباً 36 فیصد
دریائے چناب، راوی، جہلم اور ستلج میں پانی کا بہاؤ فی الحال نارمل ہے، تاہم مزید بارشوں کے باعث طغیانی کا خطرہ ہے۔
اربن فلڈنگ کا خدشہ
پی ڈی ایم اے نے لاہور، فیصل آباد اور گوجرانوالہ کے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے اور مقامی انتظامیہ کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

احتیاطی تدابیر اور وارننگ
ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ:خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے دور رہیں۔احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔