وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات پر پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے مون سون کی تازہ ترین فیکٹ شیٹ جاری کر دی ہے، جس میں دریاؤں، بیراجوں اور ڈیمز میں پانی کی سطح اور بارشوں سے ہونے والے نقصانات کے اعداد و شمار شامل کیے گئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کا چوتھا اسپیل 26 جولائی تک جاری رہے گا، جب کہ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔فیکٹ شیٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ 25 جولائی سے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافہ ہو سکتا ہے، جس کے پیشِ نظر صوبے بھر کی ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔
135 ہلاکتیں، 479 زخمی، 156 گھر متاثر
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق رواں مون سون سیزن کے دوران 135 قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔زیادہ تر اموات کچے مکانات گرنے، خستہ حال عمارتوں، چھتیں گرنے، آسمانی بجلی گرنے، کرنٹ لگنے اور دریاؤں میں ڈوبنے کے باعث ہوئیں۔علاوہ ازیں، 479 شہری زخمی ہوئے جبکہ 156 گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کی مالی امداد کے لیے اقدامات جاری ہیں اور حکومت پنجاب ان خاندانوں کی معاونت میں سنجیدہ ہے۔
پانی کی صورتحال: بیراجز اور ڈیمز میں پانی نارمل
پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے بیشتر بیراجوں اور دریاؤں میں پانی کا بہاؤ نارمل ہے۔منگلا ڈیم میں اس وقت پانی کی سطح 50 فیصد تک پہنچ چکی ہے،جبکہ تربیلا ڈیم میں 79 فیصد پانی موجود ہے۔ادھر بھارت کے زیرانتظام ڈیمز میں پانی کی سطح تقریباً 36 فیصد بتائی جا رہی ہے۔
اربن فلڈنگ کا خطرہ، انتظامیہ الرٹ
رپورٹ میں متنبہ کیا گیا ہے کہ لاہور سمیت بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ موجود ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ واسا اور بلدیاتی اداروں کو نشیبی علاقوں سے بروقت پانی نکالنے کی ہدایات دی جا چکی ہیں اور غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔