ریلویز پولیس کی بروقت کارروائی، خواتین کی منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام

ریلویز پولیس کی بروقت کارروائی، خواتین کی منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام

لاہور: ریلویز پولیس نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے منشیات اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی۔

 ترجمان پاکستان ریلویز پولیس کے مطابق ڈیوٹی پر موجود سب انسپکٹر محمد اکرام نے لاہور ریلوے اسٹیشن پر 2 مشکوک خواتین کو روکا۔ لیڈی پولیس اہلکار نے ان کے ہینڈ بیگز کی تلاشی لی تو بھاری مقدار میں چرس برآمد ہوئی۔ترجمان کے مطابق ملزمہ ثمرین کے بیگ سے 5.5 کلو جبکہ ثوبیہ کے بیگ سے 4.4 کلوگرام چرس ملی۔ دونوں خواتین کا تعلق بنوں سے ہے اور وہ یہ منشیات بذریعہ بس لاہور لائی تھیں۔ابتدائی تفتیش کے دوران پتہ چلا کہ دونوں خواتین چرس کو علامہ اقبال ایکسپریس کے ذریعے کراچی اسمگل کرنا چاہتی تھیں، تاہم ریلویز پولیس کی بروقت کارروائی نے ان کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔پولیس نے دونوں خواتین کو گرفتار کرکے تھانہ ریلویز پولیس لاہور میں 2 علیحدہ مقدمات درج کر لیے ہیں۔ ڈی آئی جی نارتھ نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دی اور کہا کہ منشیات کے خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری رہے گا۔