ڈیفنس خیابان محافظ میں سیکیورٹی گارڈ کی بروقت اور بہادرانہ کارروائی کے باعث شہری سے دن دہاڑے لوٹ مار کی کوشش ناکام بنا دی گئی، جبکہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایک شہری نجی بینک سے 5 لاکھ روپے نکلوا کر واپس جا رہا تھا کہ راستے میں دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار مسلح ملزمان نے اسے روک لیا۔ خطرے کو بھانپتے ہوئے شہری نے قریب واقع ایک بنگلے کا دروازہ کھلا دیکھ کر اپنی جان بچانے کے لیے اندر پناہ لے لی۔سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزمان بھی شہری کے پیچھے بنگلے کے اندر داخل ہوئے اور لوٹ مار کی کوشش کی۔ تاہم بنگلے پر تعینات سیکیورٹی گارڈ نے فوری طور پر ہوائی فائرنگ کی اور بعد ازاں ملزمان پر فائر کھول دیا، جس کے نتیجے میں ڈاکو رقم لوٹے بغیر ہی فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔
ایس ایچ او درخشاں ریاض کے مطابق یہ واقعہ 24 فروری کو درخشاں تھانے کی حدود میں پیش آیا، جس کی مختلف سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کر لی گئی ہیں۔ فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزمان نے موٹر سائیکل سوار شہری کو عقب سے روکنے اور واردات کرنے کی کوشش کی۔پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔