پاکستان کسٹمز نے پنکھوں کی آڑ میں اسلحہ اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی

پاکستان کسٹمز نے پنکھوں کی آڑ میں اسلحہ اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی

پاکستان کسٹمز نے کراچی کے پورٹ قاسم ایکسپورٹ کلکٹریٹ میں عمان جانے والے سیلنگ فین کے کنسائنمنٹ میں اسلحہ اسمگل کرنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔

حکام کے مطابق، میسرز فیٹ انٹرپرائزز نے سیلنگ فین کا ایک کنسائنمنٹ عمان بھیجنے کے لیے برآمد کیا تھا، اور اس کے لیے کلیئرنگ ایجنٹ میسرز برسکن انٹرپرائزز نے گڈز ڈیکلریشن جمع کرائی تھی، جس میں 2060 یونٹ سیلنگ فین ظاہر کیے گئے تھے۔پاکستان کسٹمز کے ایگزامنیشن آفیسر نے کنٹینر کی جانچ پڑتال کے دوران، سیلنگ فین کے سامان کو باہر نکالا اور اس کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس معائنے کے دوران، اینٹی نارکوٹکس فورس کی مدد سے غیر قانونی مواد کی تلاش کی گئی، تاہم منشیات نہیں ملیں۔ تاہم، اس دوران 30 بور اور 9 ایم ایم کے 1464 پستول برآمد ہوئے، جو انتہائی مہارت سے پنکھوں کی پیکنگ میں چھپائے گئے تھے۔

پلاسٹک بیس/کیسنگ کو ہتھوڑے سے توڑ کر انہیں مضبوطی سے سیل کیا گیا تھا۔پاکستان کسٹمز نے اسلحہ اسمگل کرنے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے اسلحہ ضبط کر لیا۔ کسٹمز ایکٹ 1969ء کی دفعہ 168 کے تحت سامان ضبط کیا گیا، اور برآمد کنندہ میسرز روزینہ عبداللہ اور کلیئرنگ ایجنٹ کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق، برآمد کنندہ اور کلیئرنگ ایجنٹ نے باہمی ملی بھگت سے اسلحہ چھپایا تھا، اور کسٹمز حکام کی سخت نگرانی کے باعث یہ اسمگلنگ کی کوشش ناکام ہو گئی۔