قوم اپنے بہادر سپاہیوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی:آصف علی زرداری ، دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے: شہباز شریف

 شہدا کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائیگا،فیلڈمارشل
جوانوں کی قربانیاں پوری قوم کے پختہ ارادے اور عزم کی علامت ہیں، ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک فورسز چین سے نہیں بیٹھیں گی، سید عاصم منیر کاشہید رینجرز جوانوں کے پسماندگان اور گھر والوں سے گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار
 راولپنڈی(آئی این پی )چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شہید ہونے والے رینجرز جوانوں کے پسماندگان اور گھر والوں سے گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈمارشل نے اپنے پیغام میں شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان جوانوں کی قربانیاں پوری قوم کے پختہ ارادے اور عزم کی علامت ہیں۔انہوں نے یقین دلایا کہ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک فورسز چین سے نہیں بیٹھیں گی اور ان شہدا کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان رینجرز کے جوانوں نے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا کر ایک بار پھر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت، بہادری اور فرض شناسی کا مظاہرہ کیا۔اپنے بیان میں صدرِ آصف علی زرداری نے کراچی میں پاکستان رینجرز( سندھ) کے کیمپ پر بھارتی پراکسی جماعت الاحرار کے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی اور جامِ شہادت نوش کرنے والے پاکستان رینجرز کے تین جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔صدر زرداری نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم اپنے بہادر سپاہیوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف اپنی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، شہدا کی قربانیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان رینجرز کے جوانوں نے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا کر ایک بار پھر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت، بہادری اور فرض شناسی کا مظاہرہ کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ قوم اپنی بہادر مسلح افواج، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک ہماری جدوجہد پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔