نظام کو تبدیل کرنے سے ہی عوام کے حالات تبدیل ہونگے: حافظ نعیم الرحمان

ٹیکسلا ( آئی این پی ) واہ کینٹ کے مقامی ہوٹل میں جماعت اسلامی واہ کینٹ کے زیر اہتمام ممبرز کنونشن بسلسلہ عوامی رابطہ کمیٹیاں منعقد کیا گیا، ممبرز کنونشن سے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے شرکا سے آڈیو لنک خطاب کیا، تقریب کے مہمان خصوصی ڈاکٹر طارق سلیم امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب شمالی پنجاب تھے۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے آڈیو لنک کے زریعے خطاب کے دوران کہا کہ نظام کو تبدیل کرنے سے ہی عوام کے حالات تبدیل ہونگے، ہندوستان کے ظالمانہ اقدامات کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں ہوئے، کشمیر ہو یا فلسطین امت کے حوالے سے ہم نے اپنا کردار ادا کرنا ہے،ورنہ ہم امت مسلمہ کہلانے کے حقدار نہیں، امتی ہونے کا تقاضا ہے کہ ہم انکے لئے آواز بلند کریں۔ انکا کہنا تھا کہ پاک بھارت جنگ کے بعد اللہ تبارک و تعالیٰ نے پاکستان کو بہت عزت سے نوازا ہے، اس ضمن میں پاکستان کو لیڈنگ رول ادا کرنا چاہئے۔انکا کہنا تھا کہ بڑھتی مہنگائی نے تو غریب عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے،سیاسی پارٹیاں اپنے مفادات کے لئے ایک ہوجاتی ہیں لیکن جب غریب عوام کو ریلیف دینے کی بات ہو تو تقسیم نظر آتی ہیں، ہمیں ملکر اس کرپٹ نظام کو تبدیل کرنا ہوگا،انھوں نے نوجوان نسل کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا دین دنیا اور آخرت تمام چیزوں کو ایڈریس کرتا ہے، زندگی گزارنے کے تمام شعبوں میں مکمل رہنمائی فراہم کرتا ہے۔