عید کے بعد ملک گیر بدل دو نظام تحریک شروع کی جائے گی :حافظ نعیم الرحمان

 استحصالی نظام اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے، 25 اپریل سے رابطہ عوام مہم کا آغاز ہو گا
 سینیٹ، اسمبلیوں میں موجودہ ارب پتیوں کو عوام کی پریشانیوں کا کوئی ادارک نہیں:جلسہ سے خطاب 
بٹگرام (آئی این پی ) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ عید کے بعد ملک گیر بدل دو نظام تحریک شروع کی جائے گی۔امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے بٹگرام میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ استحصالی نظام اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے، 25 اپریل سے رابطہ عوام مہم کا آغاز ہو گا۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی عیاشیاں جاری ہیں لیکن عوام گھنٹوں لوڈشیڈنگ اور مہنگائی کا عذاب سہہ رہے ہیں، سینیٹ ، اسمبلیوں میں موجودہ ارب پتیوں کو عوام کی پریشانیوں کا کوئی ادارک نہیں۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جاگیرداروں، ظالموں، خاندانوں پر مشتمل سیاسی پارٹیوں، اسٹیبلشمنٹ کی اجارہ داری اور سودی معیشت سے جان چھڑانے کے لیے عوام کو متحد ہوکر اور جماعت اسلامی کے ساتھ مل کر جدوجہد کرنا ہو گی۔ جماعت اسلامی کے دروازے ہر اس شخص کے لیے کھلے ہیں جو ملک میں عدل و انصاف پر مبنی نظام چاہتا ہے۔