وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے اور کسی کو منافع خوری کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت رمضان ریلیف پیکیج فراہم کر رہی ہے اور منافع خوری کے خلاف ایکشن پہلے ہی شروع ہو چکا ہے۔عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ رمضان پیکیج 47 ارب روپے کا پروگرام ہے، جس سے 42 لاکھ خاندان مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ طلب اور رسد کے توازن کو برقرار رکھنے کے لیے گھر گھر جا کر لوگوں کے کوائف اکٹھے کیے گئے ہیں، اور 45 ہزار روپے سے کم تنخواہ والے افراد کو شامل کیا گیا ہے۔
وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ رمضان سہولت بازار پچھلے سال کے مقابلے میں بہتر ہوں گے اور نگہبان رمضان کارڈز پرنٹ کر کے لوگوں تک پہنچانے کا کام شروع ہو چکا ہے۔عظمیٰ بخاری نے کراچی میں گل پلازہ آگ پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے 5 منٹ میں رسپانڈ کیا، اور جدید آلات نہ ہوتے تو سانحہ بڑا ہو سکتا تھا۔