پنجاب کی وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری نے کے پی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آدھا رمضان گزرنے کے باوجود 2026 کے رمضان ریلیف پیکج کی تقسیم ابھی تک شروع نہیں ہوئی۔
انہوں نے الزام لگایا کہ کے پی حکومت کا فوکس صرف اڈیالہ کے قیدی پر ہے اور صوبائی وزرا، بشمول مزمل اسلم اور سہیل آفریدی، بھی رمضان پیکج کی تقسیم سے لاعلم ہیں۔عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ کے پی حکومت نے اپنے ارکان اسمبلی کی فہرستیں طلب کر لی ہیں اور پی ٹی آئی اس سال بھی رمضان پیکج کے نام پر تقریباً 10 ارب روپے اپنے پارٹی کارکنوں میں تقسیم کرے گی۔
دریں اثنا، انہوں نے پنجاب حکومت کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ 30 لاکھ افراد کو رمضان نگہبان کے تحت امدادی رقم منتقل کی جا چکی ہے اور چند دنوں میں 40 لاکھ افراد کو رقم پہنچانے کا ہدف حاصل کر لیا جائے گا۔واضح رہے کہ خیبر پختونخواہ حکومت نے رمضان 2026 کے لیے 13 ارب روپے کا امدادی پیکج پیش کیا تھا، جس کا مقصد تقریباً 10 لاکھ 63 ہزار مستحق خاندانوں میں فی کس 12,500 روپے کی نقد امداد فراہم کرنا تھا۔