رمضان نگہبان پیکیج پر الزامات بے بنیاد ہیں، آڈٹ رپورٹ کی تردید: عظمیٰ بخاری

رمضان نگہبان پیکیج پر الزامات بے بنیاد ہیں، آڈٹ رپورٹ کی تردید: عظمیٰ بخاری

پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے رمضان نگہبان پیکیج سے متعلق میڈیا پر چلنے والی آڈٹ رپورٹ کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اس کی سختی سے تردید کی ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے واضح کیا کہ ’’رمضان پیکیج سے متعلق ایسی کوئی رپورٹ تاحال وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز تک نہیں پہنچی۔ اگر ایسی کوئی رپورٹ موصول ہوتی ہے تو اس کی مکمل اور شفاف تحقیقات کی جائیں گی۔‘‘انہوں نے بتایا کہ رمضان نگہبان پیکیج کے تحت صارفین کو پہلے سے موجود مستحق افراد کے ڈیٹا کی بنیاد پر اشیائے خوردونوش فراہم کی گئیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کا مؤقف ہے کہ عوام کے پیسے سے کسی کو خوردبرد کی اجازت نہیں دی جائے گی۔عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ اگر کسی بھی سطح پر بدعنوانی ثابت ہوئی تو اس میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے ایک انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دی جا رہی ہے تاکہ الزامات کی حقیقت سامنے لائی جا سکے۔