شمالی کوریا: کم جونگ اُن نے میزائل اور جوہری صلاحیتوں میں اضافے کا عندیہ دیا

شمالی کوریا: کم جونگ اُن نے میزائل اور جوہری صلاحیتوں میں اضافے کا عندیہ دیا

شمالی کوریا کے سپریم لیڈر کم جونگ اُن نے ملک کی میزائل اور جوہری صلاحیتوں میں مزید اضافے کے منصوبے کا عندیہ دیا ہے۔

 عرب میڈیا ’الجزیرہ‘ کے مطابق یہ منصوبہ آئندہ حکمراں جماعت کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔رپورٹ کے مطابق کم جونگ اُن نے حالیہ میزائل تجربات کی نگرانی کی اور میزائل پیداوار کو وسعت دینے اور جدید بنانے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات دشمنوں کے لیے ’ذہنی اذیت‘ کا باعث بنیں گے۔کم جونگ اُن کی بیٹی کم جو ای بھی میزائل تجربے کے موقع پر ان کے ہمراہ موجود تھیں۔شمالی کوریا کی آنے والی نویں پارٹی کانگریس کا 2021ء کے بعد پہلا اجلاس جلد متوقع ہے، جس میں دفاع اور معیشت کے لیے 5 سالہ ترقیاتی منصوبہ پیش کیا جائے گا۔کم جونگ اُن نے بڑے پیمانے پر راکٹ لانچر سسٹم کے تجربے کو ’انتہائی اہم‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ نظام مخصوص حملوں کی صلاحیت رکھتا ہے۔ سرکاری میڈیا ’کے سی این اے‘ کے مطابق تیار کیا گیا نیا میزائل 358.5 کلومیٹر دور سمندر میں بھی ہدف کو متاثر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔