شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن خصوصی ٹرین پر چین کے دورے کے لیے روانہ

شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن خصوصی ٹرین پر چین کے دورے کے لیے روانہ

شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن ایک بار پھر اپنی مخصوص بکتربند ٹرین کے ذریعے غیر ملکی دورے پر روانہ ہوگئے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس بار کم جونگ اُن چین جا رہے ہیں جہاں وہ دوسری جنگِ عظیم کے اختتام پر جاپان کے سرنڈر کی 80 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد ہونے والی خصوصی وکٹری پریڈ میں شریک ہوں گے۔اس پریڈ کی اہمیت اس لحاظ سے بھی بہت زیادہ ہے کہ اس میں دنیا کے مختلف خطوں سے آنے والے 25 سربراہانِ مملکت شریک ہوں گے۔ خاص طور پر تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک ہی مقام پر شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن، چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اکٹھے موجود ہوں گے، جسے عالمی سیاست کے تناظر میں ایک غیر معمولی موقع قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق شمالی کورین سربراہ نے اس سے قبل ستمبر 2023ء میں روس کے دورے کے لیے بھی اسی بکتربند ٹرین کا استعمال کیا تھا۔ یہ ٹرین نہ صرف انتہائی آرام دہ ہے بلکہ سکیورٹی کے لحاظ سے بھی جدید بکتربند خصوصیات رکھتی ہے، جسے شمالی کوریا کے لیڈر کے محفوظ سفر کے لیے تیار کیا گیا ہے۔بین الاقوامی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ کم جونگ اُن کا یہ دورہ خطے میں سیاسی اور عسکری اتحاد کی ایک اہم علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، خاص طور پر اس وقت جب مغربی دنیا اور نیٹو ممالک کے ساتھ چین اور روس کے تعلقات کشیدہ ہیں۔