شمالی کوریا جوہری طاقت کی حیثیت کبھی تبدیل نہیں کرے گا: کم جونگ اُن

شمالی کوریا جوہری طاقت کی حیثیت کبھی تبدیل نہیں کرے گا: کم جونگ اُن

شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے اعلان کیا ہے کہ شمالی کوریا کی جوہری طاقت کی حیثیت کبھی تبدیل نہیں ہوگی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق، کم جونگ اُن کو حال ہی میں ملک کے اعلیٰ ترین پالیسی ساز ادارے ریاستی امور کمیشن کا دوبارہ سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ پیانگ یانگ میں پارلیمان کے اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا دشمن قوتوں کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گا اور جوہری ریاست کے طور پر اپنی پوزیشن مستحکم کرے گا۔سرکاری خبر رساں ادارے کورین سینٹرل نیوز ایجنسی کے مطابق، کم جونگ اُن نے جوہری ہتھیاروں، دفاعی حکمت عملی، معاشی اہداف، اور جنوبی کوریا و امریکا کے ساتھ تعلقات پر بھی تفصیل سے بات کی۔ان کا کہنا تھا کہ:دفاعی جوہری ڈیٹرنس کو مزید ترقی دی جائے گی۔جوہری ہتھیاروں میں اضافہ کر کے اپنی حیثیت مضبوط کرنا جائز ہے۔شمالی کوریا اپنی جوہری قوت کو مکمل تیار اور فوری استعمال کے قابل رکھے گا تاکہ اسٹریٹجک خطرات کا مقابلہ کیا جا سکے۔
جنوبی کوریا کے حوالے سے انہوں نے سخت مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ وہ سب سے بڑی دشمن ریاست ہے اور اس کے ساتھ مکمل سختی سے نمٹا جائے گا۔کم جونگ اُن نے خبردار کیا کہ شمالی کوریا اپنی ریاست کے خلاف کسی بھی اقدام کا بلا امتیاز اور بے رحم جواب دے گا۔اس سے قبل، شمالی کوریا کی پارلیمان نے کم جونگ اُن کو صدرِ امورِ مملکت کے عہدے پر دوبارہ منتخب کیا تھا، تاہم اس فیصلے میں اتفاق یا اختلاف کی تفصیل فراہم نہیں کی گئی۔