وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان ریلوے اپنے ویگنز اور کوچز پانچ ممالک کو ایکسپورٹ کرنے جا رہا ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ دسمبر میں پاکستان ریلوے نے 10 ارب روپے کی آمدن حاصل کی، جو ایک ریکارڈ ہے۔ وزیر ریلوے کے مطابق یہ ریکارڈ آمدن مسافروں کو سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کا نتیجہ ہے۔حنیف عباسی نے کہا کہ مال گاڑیوں میں شراکت دار شامل کیے گئے ہیں، اور کنٹینر، کوئلہ اور فاسفیٹ کی سپلائی آج مال گاڑیوں کے ذریعے کی جا رہی ہے۔وزیر ریلوے نے مزید بتایا کہ پاکستان ریلوے کے ویگنز اور کوچز پانچ ممالک — چلی، ارجنٹینا، سری لنکا، بنگلا دیش اور نیپال — کو بھیجے جائیں گے۔ اس ہفتے ان ممالک کے سفیروں کو وزارت ریلوے میں پریزنٹیشن دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سفیروں کو پاکستانی ریلوے کی کوالٹی سے آگاہ کیا جائے گا اور ان ممالک کو باقی دنیا کے مقابلے میں کم قیمت پر کوچز اور ویگنز فراہم کیے جائیں گے۔