نائب وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس؛ تیل و گیس کے شعبے کو درپیش چیلنجز جلد از جلد حل کیے جائیں: نائب وزیراعظم

 نائب وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس؛ تیل و گیس کے شعبے کو درپیش چیلنجز جلد از جلد حل کیے جائیں: نائب وزیراعظم

 نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن (ای اینڈ پی) سیکٹر سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں آف شور اور آن شور تیل و گیس کی تلاش کے منصوبوں اور توانائی کے شعبے میں جاری اصلاحات کا جائزہ لیا گیا۔

دفتر نائب وزیراعظم کے مطابق اجلاس میں آف شور اور آن شور تیل و گیس کی تلاش کے مختلف منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جبکہ گیس سیکٹر میں جاری اصلاحات اور طویل المدتی ترقی کے لیے مکمل ہونے والی مطالعاتی رپورٹس بھی پیش کی گئیں۔اجلاس کے شرکا کو گردشی قرضے کے تصفیے، مقامی تیل و گیس کی پیداوار میں اضافے اور ایل این جی کی سپلائی بہتر بنانے کے لیے جاری اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔اسحاق ڈار نے تمام متعلقہ وزارتوں، اداروں اور اسٹیک ہولڈرز کے درمیان مؤثر رابطے اور باہمی ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تیل و گیس کے شعبے کو درپیش چیلنجز ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ مقامی تیل و گیس کی پیداوار میں اضافہ حکومت کی توانائی سلامتی کی حکمت عملی کا اہم حصہ ہے، جبکہ حکومت اس شعبے میں سرمایہ کاری اور ترقی کے لیے محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔اجلاس میں وفاقی وزیر پیٹرولیم، وزیر بحری امور، معاون خصوصی طارق باجوہ، متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام اور تیل و گیس کے شعبے سے وابستہ نمایاں کمپنیوں کے سربراہان نے شرکت کی۔