امریکی ناظم الامور کی وزیر ریلوے سے ملاقات، پاکستان ریلوے میں سرمایہ کاری اور تعاون پر اتفاق

امریکی ناظم الامور کی وزیر ریلوے سے ملاقات، پاکستان ریلوے میں سرمایہ کاری اور تعاون پر اتفاق

اسلام آباد میں امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے ملاقات کی، جس میں پاکستان ریلوے کے شعبے میں باہمی شراکت داری، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں وزیر ریلوے نے بتایا کہ پاکستان ریلوے کے شعبے میں شراکت داری نہ صرف سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا کرے گی بلکہ دوطرفہ تعلقات کو بھی مزید مستحکم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام ترقیاتی اقدامات وزیراعظم کے وژن کے تحت کیے جا رہے ہیں اور ریلوے میں جدید ڈیجیٹائزیشن کا عمل شروع ہو گیا ہے۔

وزیر ریلوے نے مزید بتایا کہ ریلوے نے ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے ساتھ معاہدے کیے ہیں اور اسٹیشنز کی صفائی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ بڑے اسٹیشنز پر ایگزیکٹو CIP لاؤنجز، جدید ویٹنگ ایریاز، ایسکلیٹرز اور مانیٹرنگ سسٹم قائم کیے جا رہے ہیں، جبکہ 40 بڑے اسٹیشنز پر مسافروں کو مفت وائی فائی کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔

امریکی ناظم الامور نے پاکستان ریلوے کی ان اصلاحاتی اور جدید اقدامات کی کوششوں کو سراہا اور ادارے کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔