برفباری ، آزادکشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ ، 15گھر تباہ

 بڑی تعداد میں سیاح مری پہنچ گئے ، نیلم میں برفباری کا 5 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ،جہلم ویلی میں بجلی سپلائی معطل 
 پاک فوج کا ریسکیو آپریشن، برف میں پھنسے مسافرمحفوظ مقامات پر منتقل ،ہرنائی میں چھت منہدم،بچہ دم توڑ گیا
مری،لاہور،اسلام آباد،کوئٹہ (خصوصی رپورٹ)ملکہ کوہسارمری میں برفباری کا سلسلہ جاری، 9 انچ برف ریکارڈ ، سیاحوں کی بڑی تعداد مری پہنچ گئی ، آزادکشمیر میں مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ اور برفباری کے باعث 15گھر تباہ، 1شہری جاں بحق ہو گیا،کئی علاقوں میں سڑکیں بند ہو گئیں،گلیات میں بجلی کی فراہمی بدستور معطل،لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ،لاہور سمیت مختلف شہروں میں بھی بارش ہوئی۔تفصیلات کے مطابق ملکہ کوہسار مری میں برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس کے باعث مری اور گردونواح میں درجہ حرارت نقطہ? انجماد سے بھی نیچے گر چکا جبکہ شدید سردی کی لہر نیبھی علاقے کو لپیٹ میں لے لیا ، مری میں مال روڈ، جھیکا گلی اور نتھیا گلی سیاحوں کیلئے بند کر دی گئی ہے۔ دیگر بالائی علاقوں میں بھی برفباری سے ہر چیز نے سفید چادر اورڑھ لی ۔جہلم ویلی کے بلند مقامات پر شدید برفباری کے باعث درجنوں علاقوں کی بجلی منقطع ہے ،عوام شدید پریشانی سے دو چار ہیں، ہٹیاں بالا،چناری،چکوٹھی اور گردونواح میں مسلسل بارش اور بلند مقامات پر جاری برف باری سے سردی میں بے پناہ اضافہ ہوگیا،رات گئے جہلم ویلی کے زیریں علاقوں میں بارش اور بلند مقامات پر برفباری سے متعدد رابطہ سڑکیں ایک مرتبہ پھر بند ہو گئیں، لوگ گھروں کے اندر محصور ہو کر رہ گئے ، تحصیل چکار کے گا ئوں ڈھاریاں بازار ناڑا میں ایک گھر مکمل طور پر زمین بوس ہو گیا۔وادی لیپہ میں بھی شدید برف باری سے ایک مکان تباہ ہو گیا،متاثرین شدید سردی اور برف باری میں کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہیں۔اس کے علاوہ بلوچستان میں کوئٹہ، قلات، مستونگ، کان مہتر زئی، مسلم باغ اور چمن جبکہ آزادکشمیر میں وادی نیلم، باغ، سدھن گلی، گنگا چوٹی، نیزہ گلی، تولی پیر میں بھی سفید چادر بچھ گئی ، گریس ویلی اور شونٹر ویلی کی سڑک بھی تاحال بند ہے، نانگا پربت اور بابوسر ٹاپ پر 10 فٹ سے زائد برف پڑ چکی ، باغ میں برفانی تودہ گرنے سے ایک شہری چل بسا، گاڑی کو نقصان پہنچا، لیپہ اور نیلم ویلی میں لینڈ سلائیڈنگ سے 13 گھر مکمل تباہ ہوگئے، 28 جزوی متاثر ہوئے۔ادھر برفباری سے بند وادی لیپہ شاہراہ بحال کر دی گئی،دوسری طرف گلیات میں چار روز گزرنے کے باوجود بیشتر علاقوں میں بجلی تاحال معطل ہے، رابطہ سڑکوں کی بھی مکمل بحالی نہ ہو سکی جس کے باعث خوراک اور ادویات کی شدید قلت پیدا ہو چکی ، ناران، کاغان، کالام اور چترال میں سڑکیں بند ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔دریں اثناء￿  لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی جس کی وجہ سے سردی کی شدت مزید بڑھ گئی، بالائی علاقوں میں برفباری سے درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گر گیا، لہہ میں منفی 12، زیارت منفی 8 ، استور، گوپس، پارا چنار منفی 7 ،مالم جبہ، قلات، راولا کوٹ میں منفی 5 ریکارڈ کیا گیا جبکہ کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 11، لاہور میں 7 ریکارڈ کیا گیا۔دوسری جانب این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے کہا ہے کہ دیر، سوات، کالام، چترال، کوہستان، شانگلہ، ایبٹ آباد ، مانسہرہ ، مری، گلیات، استور، ہنزہ، باغ، مظفر آباد ،کوئٹہ، زیارت، پنجگور سمیت دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ ادھر بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں شدید برفانی موسم کے پیش نظر پاک فوج کا بروقت ریسکیو آپریشن،پاک فوج کے جوان اور ریسکیو ٹیمیں برفباری میں پھنسے افراد کو ریسکیو کر رہے ہیں ، ضلع کرم میں شدید برفانی موسم کے باعث پاک فوج نے مقامی آبادی کی مدد اور زمینی رابطوں کی بحالی کے لیے فوری طور پر ہنگامی ریسکیو آپریشن شروع کیا اورتمام متاثرہ سڑکوں کو مکمل طور پر بحال کر دیا ، پاک فوج نے شاہراہوں سے برف ہٹا کر تمام پھنسے مسافروں کو گاڑیوں سمیت بحفاظت محفوظ مقامات پر منتقل کردیا، وادی تیراہ میں شدید برفباری میں پاک فوج کے جوان جان کی پرواہ کئے بغیر امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ دوسری طر ف ترجمان صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)بلوچستان کے مطابق ایف سی قلعہ میاں غنڈی، لک پاس میں شدید برفباری کے باعث پارکنگ شیڈ منہدم ہو گیا ،بروقت کارروائی کے باعث کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ علاوہ ازیں ضلع ہرنائی میں مسلسل بارش کے باعث کچے مکان کی چھت گرنے سے 9سالہ بچی سورسانگلہ نعمت جاں بحق ہو گئی جبکہ اس کے دو بڑے بہن بھائی شدید زخمی ہو گئے۔ پختونخوا میں مانسہرہ کے میدانی علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ نیا سپیل رات گئے سے وقفے وقفے سے جاری ہے،وادی کاغان،وادی سرن اور وادی کونش میں شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے،شوگراں میں اب تک مزید ایک فٹ سے زائد برف پڑ چکی جبکہ کاغان بازار میں ڈیڈھ فٹ کے قریب برف پڑ چکی ،وادی سرن اور وادی کونش کے مختلف علاقوں میں برفباری سے چھترپلین،بٹل،جبوڑی،سچاں نواز آباد میں کئی رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں ۔ ناران جانے والی شاہراہ ایم این جے روڈ کو مسلسل برفباری کے باعث مہانڈری سے بند کر دیا گیا۔دریں اثناء￿  محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا، آزاد جموں و کشمیر، بالائی پنجاب، اسلام آباد، شمال مشرقی بلوچستان اور گلگت بلتستان میں اکڑ مقامات پرتیزہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہوئی، ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہا۔منگل کو کم سے کم درجہ حرارت لہہ ،مالم جبہ، پاراچنار، گوپس میں منفی 7، بگروٹ منفی 6، کالام، استور اور راولاکوٹ میں منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ آج بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کی توقع ہے ، بالائی خیبرپختونخوا ،کشمیر، گلگت بلتستان میں چند مقامات پر مزید بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہو سکتی ہے ۔