لاہور میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا‘اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک،رحیم یار خان،گجرات، سرگودھا، جھنگ میں بارش
ڈیرہ غازی خان، کوٹ ادو، چیچہ وطنی‘ شکر گڑھ، حافظ آباد، کمالیہ اور وہاڑی میں بھی بارش‘24گھنٹوں میں مزید بارش اور برفباری کی پیشگوئی
اسلام آباد، لاہور(آئی این پی )پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان میں بارش اور کشمیر، گلگت بلتستان اور کے پی میں برف باری کے باعث مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سڑکیں بند ہونے سے نظام زندگی درہم برہم ہو گیا ،کئی سیاح پھنس گئے۔تفصیل کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک،رحیم یار خان،گجرات، سرگودھا، جھنگ، ڈیرہ غازی خان، کوٹ ادو، چیچہ وطنی سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی۔ لاہور میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا، شکر گڑھ، حافظ آباد، کمالیہ اور وہاڑی میں بھی بادل برسنے سے ٹھنڈ بڑھ گئی جب کہ رات اوباڑو اور گھوٹکی میں بھی بارش ہوئی، بلوچستان کے مختلف علاقوں میں باران رحمت ہوئی، کوئٹہ، سبی، قلات میں بادل خوب برسے، مری میں گرج چمک کیساتھ بارش اور ژالہ باری ہوئی۔بالائی علاقوں کی شاہراہیں بند، گلگت میں شدید بارشیں اور لینڈ سلائیڈنگ ہوئی، شاہراہ قراقرم متعدد مقامات سے بند ہو گئی، داسو کے قریب بارش کی وجہ سے پہاڑ سرک گیا، کئی افراد پھنس گئے، لال پڑی کے مقام پر سیلابی ریلا سڑک بہا کر لے گیا۔گلیات کی بالائی چوٹیوں پر برفباری ہوئی، کوزہ گلی کے مقام پر متعدد گاڑیاں پھنس گئیں، ایبٹ آباد میں شدید برف باری میں پھنسے سیاحوں کو ریسکیو کرلیا گیا۔ لوئردیر کے مختلف علاقوں میں بھی موسلادھار بارش نے جل تھل ایک کردیا۔ ادھر گلیات ، وادی نیلم اور وادی لیپا میں شدید برف باری سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے سے سیاح مشکلات کا شکار ہوگئے جب کہ مواصلاتی نظام بھی درہم برہم ہوگیا۔استور میں تیسرے روز بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے اور بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہے جب کہ 3 روز سے جاری برفباری کے باعث بجلی اورپانی کی سپلائی معطل ہے۔