بھارت کے پلے بیک گلوکار اریجیت سنگھ نے اچانک پلے بیک سنگنگ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
گلوکار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک جذباتی پیغام کے ذریعے اپنے فیصلے سے مداحوں کو آگاہ کیا۔اریجیت سنگھ نے اپنے پیغام میں لکھا،"ہیلو، سب کو نیا سال مبارک ہو۔ میں ان تمام برسوں میں مداحوں کی جانب سے ملنے والی محبت اور سپورٹ پر شکر گزار ہوں۔ خوشی کے ساتھ یہ اعلان کر رہا ہوں کہ اب میں بطور پلے بیک گلوکار کوئی نیا کام نہیں کروں گا۔ میں اسے یہیں ختم کر رہا ہوں۔ یہ ایک شاندار سفر رہا۔"بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اریجیت سنگھ نے اپنے اس فیصلے کی وجوہات یا مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے کوئی وضاحت نہیں کی۔
خیال رہے کہ اریجیت سنگھ نے اپنے شاندار کیریئر کے دوران دو نیشنل فلم ایوارڈز جیتے، جبکہ 2025 میں انہیں بھارت کے اعلیٰ سول اعزاز پدم شری سے بھی نوازا گیا۔ان کے مشہور گانوں میں فلم عاشقی 2 کا گانا "تم ہی ہو"، "چنّا میرے یا" (اے دل ہے مشکل)، "پھر بھی تم کو چاہوں گا" (ہاف گرل فرینڈ) اور "ہوائیں" (جب ہیری میٹ سَیجل) شامل ہیں۔