شاہد آفریدی اور شاہین شاہ آفریدی اہلخانہ کے ساتھ کراچی کی فوڈ اسٹریٹ میں، مداحوں کا جوش و خروش

شاہد آفریدی اور شاہین شاہ آفریدی اہلخانہ کے ساتھ کراچی کی فوڈ اسٹریٹ میں، مداحوں کا جوش و خروش

کراچی میں شاہد آفریدی اور شاہین شاہ آفریدی اہلخانہ کے ہمراہ شہر کی معروف فوڈ اسٹریٹ پر رات کے کھانے کے لیے پہنچے، جہاں مداحوں کی بڑی تعداد نے ان کا استقبال کیا اور دونوں کرکٹرز کے ساتھ سیلفیاں اور تصاویر بنوائیں۔

شاہین شاہ آفریدی نے اس موقع پر بتایا کہ یہ ان کا کراچی میں پہلا تجربہ تھا جہاں وہ کسی عوامی مقام پر آئے ہیں۔ انہوں نے کراچی کے لوگوں کی محبت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کے لوگ بہت اچھے ہیں اور ان کے مصالحے دار کھانوں کا ذائقہ بھی بہت پسند آیا۔شاہد آفریدی نے شاہین شاہ آفریدی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ "کراچی کراچی ہے"، اور مزید کہا کہ ایسے عوامی مقامات پر آ کر لوگوں کے ساتھ گھلنا ملنا بہت ضروری ہے تاکہ عوام میں محبت اور تعلق بڑھ سکے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کبھی کبھار اس طرح عوام کے درمیان آنا اور ان کے ساتھ وقت گزارنا ایک اچھا تجربہ ہوتا ہے۔شاہد آفریدی نے شاہین شاہ آفریدی کو کراچی کا "بن کباب" کھلایا اور مذاق کرتے ہوئے کہا کہ "شاہین ویسے تو دنبہ کھاتا ہے لیکن آج ہم نے اسے کراچی کا بن کباب کھلایا ہے۔"

شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ کرکٹرز اپنی فٹنس کا بہت خیال رکھتے ہیں کیونکہ سینٹرل کنٹریکٹس کے لیے فٹنس ٹیسٹ ہوتے ہیں اور ان ٹیسٹس کو پاس کرنے کے لیے کھلاڑیوں کا فٹ رہنا ضروری ہوتا ہے۔آفریدی نے اس موقع پر پاکستانی سلیبریٹیوں کو بھی مشورہ دیا کہ وہ عوام میں گھل مل کر پاکستان کا مثبت تشخص دنیا بھر میں پیش کریں۔چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ انہیں پاکستانی ٹیم فائنل میں پہنچتی ہوئی نظر آتی ہے، اور امید ہے کہ پاکستان ٹیم اچھا کھیل پیش کرے گی۔