پلاسٹک سرجری کروانا کوئی بڑی بات نہیں، لوگوں کو فیصلے کی عزت دینی چاہیے:خوشی کپور

پلاسٹک سرجری کروانا کوئی بڑی بات نہیں، لوگوں کو فیصلے کی عزت دینی چاہیے:خوشی کپور

خوشی کپور، جو کہ مشہور بالی ووڈ اداکارہ سری دیوی اور پروڈیوسر بونی کپور کی بیٹی ہیں، نے حال ہی میں پلاسٹک سرجری اور کاسمیٹک پروسیجرز پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

 ایک انٹرویو کے دوران خوشی کپور نے کہا کہ پلاسٹک سرجری کروانا کوئی بڑی بات نہیں ہے اور اسے غیر معمولی سمجھنا یا اس کے بارے میں منفی رائے بنانا غیر ضروری ہے۔ خوشی کا کہنا تھا کہ "پلاسٹک پلاسٹک کہہ کر کسی کو نیچا دکھانا یا بے عزتی کرنا صحیح نہیں ہے"۔خوشی کپور نے یہ بات واضح کی کہ ان کے لیے یہ عمل صرف اپنی خوبصورتی میں اضافے کے لیے تھا اور اس میں کوئی برائی نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب وہ فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے والی تھیں، تو لوگوں نے پہلے سے ہی ان کے بارے میں منفی خیالات قائم کر رکھے تھے، خاص طور پر ان کی ظاہری شکل اور کردار کے بارے میں۔ خوشی کے مطابق، "لوگوں نے میرے بارے میں پہلے سے ہی رائے قائم کر رکھی تھی، زیادہ تر منفی۔"خوشی کپور نے 2024 میں اپنے انسٹاگرام اکاونٹ پر اپنی ناک کی سرجری اور لپ فلرز کروانے کا اعتراف کیا تھا اور اس فیصلے کو انھوں نے اپنی مرضی اور شخصیت کے مطابق کیا۔

 وہ اس بات پر زور دیتی ہیں کہ لوگوں کو کاسمیٹک سرجری کے حوالے سے منفی رائے قائم کرنے کے بجائے اسے ایک ذاتی فیصلہ سمجھنا چاہیے۔اس انٹرویو میں خوشی کپور نے اپنے بچپن کے بارے میں بھی بات کی اور کہا کہ وہ ہمیشہ چاہتی تھیں کہ لوگ ان پر توجہ دیں، اور ان کے لیے یہ جذباتی طور پر اہمیت رکھتے تھے۔ خوشی کا کہنا تھا، "میں چاہتی تھی کہ سب مجھ پر توجہ دیں"۔یاد رہے کہ خوشی کپور کی بڑی بہن، جھانوی کپور، کو بھی پلاسٹک سرجری کروانے کی وجہ سے تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے، اور خوشی کپور کی حالیہ فلم "لو یاپا" کی ریلیز کے بعد، خوشی بھی اس حوالے سے خبروں کا حصہ بنی ہیں۔ اس فلم میں خوشی کپور نے عامر خان کے بیٹے جنید خان کے ساتھ مرکزی کردار ادا کیا ہے، اور یہ فلم ابھی حال ہی میں ریلیز ہوئی ہے۔