پاکستانی اداکارہ علیزے شاہ نے پلاسٹک سرجری کی افواہوں کی سختی سے تردید کر دی ہے۔
سوشل میڈیا پر ان کے چہرے اور جسمانی ساخت میں تبدیلی کو لے کر پھیلنے والی خبروں کے بعد علیزے شاہ نے واضح کیا کہ ان کا وزن کم ہونے کی وجہ سے ان کی شکل میں فرق آیا ہے اور انہوں نے کبھی کوئی کاسمیٹک یا پلاسٹک سرجری نہیں کروائی۔علیزے شاہ نے کہا کہ جب انہوں نے ڈرامہ 'عہدِ وفا' میں کام کیا تھا تو ان کی عمر 17 سال تھی، جبکہ اب وہ 23 سال کی ہو چکی ہیں، اس لیے چھ سال کے فرق کے باعث کسی بھی انسان کی ظاہری شکل میں تبدیلی آنا فطری بات ہے۔یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب معروف اداکارہ صبا فیصل نے ایک ٹی وی شو میں علیزے کی ظاہری حالت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ "بیس فیصد قدرتی" لگتی ہیں اور ان کا حلیہ کچھ حد تک مصنوعی نظر آتا ہے۔
علیزے شاہ کو ان کے ڈراموں جیسے 'عشق بے پرواہ'، 'عشق تمنا'، 'عہدِ وفا'، 'میرا دل میرا دشمن'، 'دل موم کا دیا'، 'محبت کی آخری کہانی' اور 'تقدیر' میں اداکاری کی وجہ سے خوب شہرت حاصل ہے۔ انسٹاگرام پر ان کے فالوورز کی تعداد 4.3 ملین سے زائد ہے اور وہ اکثر سوشل میڈیا پر اپنے بیانات کی وجہ سے زیر بحث رہتی ہیں۔