پاک امریکہ تعلقات میں گرمجوشی آرہی ہے، مزید مستحکم ہوں گے محسن نقوی

 امریکی کانگریس مین الیگزینڈر گرین نے فلسطین کے لئے توانا آواز بلند کی جو قابل ستائش ہے‘ افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی اور دراندازی کے واقعات سے آگاہ کیا:وزیرداخلہ
  جلد ایک بار پھر پاکستان کا دورہ کروں گا، زلزلے اور سیلاب میں پاکستانی عوام سے یکجہتی و مدد کیلئے 4 بار پاکستان آ چکا ہوں:الیگزینڈر گرین کی ملاقات میں گفتگو
 ہیوسٹن(آئی این پی )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات میں گرمجوشی آرہی ہے، آنے والے دنوں میں  یہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ امریکا کے دوران ہیوسٹن میں  امریکی کانگریس اور کانگریس کی فنانس کمیٹی کے اہم ممبر الیگزینڈر گرین سے ملاقات میں کیا۔ملاقات  میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاک امریکا تعلقات کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔محسن نقوی نے کانگریس مین الیگزینڈر گرین کو افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی اور دراندازی کے واقعات کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور پاکستان میں آنے والے زلزلے اور سیلاب میں متاثرین کی بھرپور مدد پر کانگریس مین کا شکریہ ادا کیا۔وفاقی وزیر داخلہ نے امریکی کانگریس مین الیگزینڈر گرین کے فلسطین ایشو پر اصولی موقف کو بھرپور سراہا۔اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ امریکی کانگریس مین الیگزینڈر گرین نے فلسطین کے لئے توانا آواز بلند کی جو قابل ستائش ہے، امریکی کانگریس مین الیگزینڈر گرین کی جانب سے فلسطین پر ایسے اصولی موقف کو بہت پذیرائی ملی ہے۔کانگریس مین الیگزینڈر گرین کا کہنا تھا  جلد پاکستان کا دوبارہ دورہ کروں گا، زلزلے اور سیلاب میں پاکستانی عوام سے یکجہتی و مدد کے لئے 4 بار پاکستان آ چکا ہوں۔