وفاقی وزیر تجارت سے امریکی انچارج ڈی افیئرز کی ملاقات، تعاون کے نئے مواقع کی تلاش پر تبادلہ خیال
اسلام آباد(آئی ا ین پی )وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ امید ہے آنے والے وقت میں پاک امریکا تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔وفاقی وزیر تجارت سے امریکی انچارج ڈی افیئرز نٹالی اے بیکر نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مضبوط کرنے اور مستقبل میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزارت تجارت سے جار ی اعلامیہ کے مطابق بدھ کو ہونے والی ملاقات میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے نٹالی اے بیکر اور امریکی حکومت کو اقتدار کی منتقلی کے کامیاب عمل پر مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ آنے والے وقت میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ فریقین نے دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے اور اہم اقتصادی شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ملاقات میں زراعت کے شعبے میں تعاون کو وسعت دینے، خاص طور پر ٹیکسٹائل اور زرعی مصنوعات میں ویلیو ایڈیشن پر زور دیا گیا۔