ٹرمپ حکومت آنے سے پاک امریکہ تعلقات میں غیر معمولی بہتری آئی محسن نقوی

 تعلقات میں شفافیت، باہمی اعتماد اور تعاون کا عنصر نمایاں ہے، انسداد دہشت گردی ڈائیلاگ سے  مشترکہ لائحہ عمل بنانے میں مدد ملے گی‘ٹرمپ کی کاوشیں قابل تحسین ہیں

 دہشتگردی کے خاتمے  کیلئے  پاک امریکے تعاون کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے: امریکی کوآرڈینیٹر برائے انسداد دہشتگردی گریگوری لوگرفو   سے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکی کوآرڈینیٹر برائے انسداد دہشتگردی گریگوری لوگرفو  نے ملاقات کی، جس میں دونوں ملکوں کے درمیان اہم امور پر اتفاق کیا گیا۔وزیر داخلہ کے ساتھ ملاقات میں امریکی وفد کے ساتھ انسداد دہشت گردی اور انسداد منشیات کے شعبوں میں معلومات کے تبادلوں کو موثر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ  صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت آنے کے بعد پاک امریکا تعلقات میں غیر معمولی بہتری آئی ہے۔ امریکی  صدر کی عالمی امن کے لیے مخلصانہ کاوشیں قابل تحسین ہیں۔  پاک امریکا تعلقات میں شفافیت، باہمی اعتماد اور تعاون کا عنصر نمایاں ہے۔ یہ  بہترین موقع ہے کہ باہمی تعلقات کو ہر  شعبے میں فروغ دیا جائے۔وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ انسداد دہشت گردی ڈائیلاگ سے  مشترکہ لائحہ عمل بنانے میں مدد ملے گی۔ امریکا کی جانب سے کالعدم بی ایل اے اور کالعدم مجید بریگیڈ کو عالمی دہشت گرد تنظیمیں قرار دینا احسن اقدام ہے۔ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پاک امریکا تعاون کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔اس موقع پر امریکی کوآرڈینیٹر برائے انسداد دہشت گردی گریگوری لوگور نے کہا کہ پاکستان جیو اسٹریٹجک اعتبار سے انتہائی اہم ملک ہے۔