پارلیمنٹ ہائوس میں ہونے والے اجلاس کی صدارت سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کریں گے‘پی ٹی آئی نے چوتھے سیشن میں شرکت سے انکارکردیا
مذاکرات میں شامل نہ ہونے کے حوالے سے باضابطہ آگاہ کردیا‘میڈیا کے ذریعے مسائل کے بارے میں پتا چلتا ہے ‘ اسی کی آواز دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے:بیرسٹر گوہر
اسلام آباد (آئی این پی )حکومت اور تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹیوں کا چوتھا دور آج پارلیمنٹ ہائوس میں ہوگا۔ تحریک انصاف نے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔کمیٹی روم نمبر پانچ میں ہونے والے اجلاس کی صدارت اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کریں گے۔ حکومتی کمیٹی ان کیمرا اجلاس میں پی ٹی آئی کے مطالبات کا تحریری جواب دے گی ۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی عدم شرکت پر حکومتی کمیٹی تحریری جواب اسپیکر کو جمع کرا دے گی۔پی ٹی آئی نے مذاکرات کے چوتھے سیشن میں شرکت سے انکار کر رکھا ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے حکومت کے ساتھ مذاکرات میں نہیں بیٹھیں گے، اس حوالے سے باضابطہ آگاہ بھی کردیا ہے۔ یہ حکومت جب سے آئی ہے، جلد بازی میں قانون پاس کروا رہے ہیں۔ اس بل (پیکا ایکٹ) کے تحت جس کو بھی چاہے فیک نیوز کے زمرے میں اٹھا لیں گے ہم میڈیا کے جائز حقوق کے ساتھ کھڑے ہیں۔ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے۔ میڈیا کے ذریعے ہمیں مسائل کے بارے میں پتا چلتا ہے اور آج اسی کی آواز دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ یہ قانون پاس بھی ہوجاتا ہے تب بھی اس کو عدالت میں چیلنج کریں گے، امید ہے عدلیہ اس کو سنے گی۔ کرم کے مسئلے پر تمام سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر آگئی ہیں۔