پاک سرزمین کے سپاہیو! تم پر سلام ہو، تمہارے جذبے کو سلام ہو، اور تمہاری غیرت کو سلام ہو:وزیر اعلی پنجاب کا پیغام
شہباز شریف، سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر، افواج پاکستان اور نواز شریف نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا:وزیراعلی کا خراج تحسین
لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیر اعلی مریم نواز نے پاک فوج کی بھارتی جارحیت کے خلاف عبرت ناک جوابی کارروائی پر فخر کا اظہار کیا ہے۔اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا بھارت کی بزدلانہ جارحیت کا دن کی روشنی میں دیا گیا جواب تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ پاک سرزمین کے سپاہیو! تم پر سلام ہو، تمہارے جذبے کو سلام ہو، اور تمہاری غیرت کو سلام ہو-انہوں نے کہا سلام ہے ان محافظوں کو، جنہوں نے صرف گولی سے نہیں بلکہ غیرت، حکمت اور شجاعت سے جواب دیا- آپریشن بنیان مرصوص جوابی کارروائی نہیں، تاریخی اعلان ہے کہ ہم کمزور نہیں، امن کے لیے خاموش تھے۔جب دشمن نے حد پار کی تو پاکستان نے صبر کو حکمت میں بدلا،اور کڑی ضرب دی-پاکستان کاایک ایک سپاہی مادرِ وطن کے تحفظ کی قسم کھا کر زندہ ہے۔امن کے خواہاں ضرور ہیں مگر جارحیت کا جواب خاموشی نہیں، ضرب ہوتا ہے۔پاکستان کی سرحدیں صرف خاردار تاروں سے ہی نہیں، شہیدوں کے لہو سے محفوظ ہیں۔دریں اثناء مریم نواز نے کہا پاکستان جیت گیا! الحمدْ للہ‘ وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف، سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر، افواج پاکستان اور نواز شریف نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔مریم نواز نے کہا ہک ہم نے دنیا کو سمجھا دیا کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے اور پاکستان محفوظ اور محب وطن ہاتھوں میں ہے۔ قوم کو فتح مبارک، پاکستان زندہ باد۔