سعودی فلکیاتی ماہرین نے بتایا ہے کہ آج رات چاند خانہ کعبہ کے عین اوپر دکھائی دے گا، جو ایک منفرد اور خوبصورت فلکیاتی منظر ہوگا۔ اس موقع پر دنیا بھر کے مسلمان اس منظر کی مدد سے اپنے علاقوں میں قبلہ رُخ کا درست تعین بھی کر سکیں گے۔
ماہرین کے مطابق اس وقت چاند تقریباً 91 فیصد روشن ہوگا، جس کے باعث وہ نہایت واضح طور پر نظر آئے گا۔ آسمان پر دیگر نمایاں ستارے بھی چمکتے دکھائی دیں گے، جس سے یہ منظر مزید دلکش بن جائے گا۔فلکیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نظارے کو دیکھنے کے لیے کسی خاص دوربین یا آلات کی ضرورت نہیں ہوگی اور اسے عام آنکھ سے باآسانی دیکھا جا سکتا ہے۔ماہرین نے مزید وضاحت کی کہ جب چاند خانہ کعبہ کے عین اوپر ہوتا ہے تو دنیا کے مختلف حصوں میں موجود افراد چاند کی سمت دیکھ کر اپنے مقام سے درست قبلہ سمت کا تعین کر سکتے ہیں، جو خاص طور پر ان علاقوں کے لیے مفید ہوتا ہے جہاں قبلہ کی سمت کا تعین مشکل ہو۔