مکہ مکرمہ: آسمان پر آج صبح ایک منفرد فلکیاتی منظر دیکھنے کو ملے گا جب چاند خانہ کعبہ کے تقریباً عین اوپر دکھائی دے گا۔
رواں سال یہ دوسرا موقع ہے جب چاند اپنی اس مخصوص پوزیشن پر پہنچے گا۔سعودی میڈیا کے مطابق جدہ فلکیاتی سوسائٹی کے سربراہ انجینئر ماجد ابو زاہرہ نے بتایا کہ چاند مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بج کر 50 منٹ اور 31 سیکنڈ پر اپنی انتہائی بلندی پر ہوگا، جبکہ پاکستان میں اس وقت صبح 9 بج کر 50 منٹ ہوں گے۔فلکیاتی ماہر کے مطابق اس مرحلے پر چاند تقریباً 89.87 ڈگری کے زاویے پر ہوگا، جس کے باعث مکہ مکرمہ سے دیکھنے والوں کو یہ خانہ کعبہ کے عین اوپر محسوس ہوگا۔یہ منفرد منظر انسانی آنکھ سے بھی دیکھا جاسکے گا، تاہم صبح کے وقت سورج کی روشنی موجود ہونے کے باعث چاند رات کے مقابلے میں قدرے مدھم دکھائی دے گا۔
ماجد ابو زاہرہ کے مطابق چاند کی یہ پوزیشن صرف ایک خوبصورت فلکیاتی منظر ہی نہیں بلکہ بعض علاقوں میں قدرتی رہنما کے طور پر بھی مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔ایسے دور دراز علاقوں میں جہاں اس وقت چاند افق پر دکھائی دے، مسلمان اس کی سمت کو خانہ کعبہ اور قبلہ کی سمت کے تعین کے لیے بصری رہنما کے طور پر استعمال کرسکتے ہیں۔