یومِ عرفہ پر نایاب فلکیاتی مظہر، سورج خانہ کعبہ کے عین اوپر آنے کا امکان

یومِ عرفہ پر نایاب فلکیاتی مظہر، سورج خانہ کعبہ کے عین اوپر آنے کا امکان

ماہرین فلکیات کے مطابق اس سال یومِ عرفہ کے موقع پر ایک نایاب فلکیاتی منظر دیکھنے کو مل سکتا ہے، جب سورج براہِ راست خانہ کعبہ کے عین اوپر آ جائے گا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ 27 مئی 2026 کو دوپہر کے وقت پیش آنے کا امکان ہے، جو 9 ذوالحجہ 1447 ہجری (یومِ عرفہ) کے دن کے ساتھ مطابقت رکھتا ہے۔ اس موقع پر مکہ مکرمہ میں سورج کا زاویہ ایسا ہوگا کہ عارضی طور پر سایہ تقریباً ختم ہو جائے گا۔فلکیاتی ماہرین کے مطابق یہ قدرتی مظہر مکہ مکرمہ کے جغرافیائی محل وقوع کی وجہ سے ہوتا ہے، جو تقریباً 21.4 ڈگری شمالی عرض بلد پر واقع ہے۔ سورج سال میں دو بار اس زاویے سے گزرتا ہے، تاہم قمری اور شمسی کیلنڈرز کے فرق کے باعث کبھی کبھار یہ مظہر یومِ عرفہ کے ساتھ بھی ہم آہنگ ہو جاتا ہے۔رپورٹس کے مطابق ایسا نایاب اتفاق آخری بار 1993 میں دیکھا گیا تھا، اور ماہرین کے مطابق یہ تقریباً ہر 33 سال بعد کسی نہ کسی سال عرفہ کے ساتھ مطابقت اختیار کر لیتا ہے۔

سعودی نیشنل سینٹر فار میٹرولوجی نے واضح کیا ہے کہ یہ ایک مکمل قدرتی فلکیاتی عمل ہے اور اس کا موسم یا درجہ حرارت میں غیر معمولی تبدیلی سے کوئی لازمی تعلق نہیں ہوتا۔ادارے کے مطابق موسم کی شدت کا انحصار مختلف عوامل پر ہوتا ہے جیسے نمی، ہوا کی رفتار، بادلوں کی موجودگی اور فضائی دباؤ، نہ کہ صرف سورج کی سیدھ میں موجودگی۔ماہرین نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس طرح کے مظاہر سے متعلق معلومات کے لیے صرف مستند سائنسی ذرائع پر انحصار کریں۔