سورج آج چند لمحوں کے لیے خانہ کعبہ کے عین اوپر ہوگا، جس کے باعث اس وقت خانہ کعبہ کا سایہ ختم ہو جائے گا۔
جدہ فلکیاتی سوسائٹی کے مطابق مکہ مکرمہ کے مقامی وقت کے مطابق آج دوپہر 12 بج کر 26 منٹ پر سورج 90 درجے کے زاویے پر خانہ کعبہ کے بالکل اوپر ہوگا، جس کے باعث چند لمحوں کے لیے خانہ کعبہ کا سایہ نظر نہیں آئے گا۔پاکستان میں یہ فلکیاتی منظر دوپہر 2 بج کر 26 منٹ اور 44 سیکنڈ پر دیکھا جا سکے گا۔اس دوران سورج خانہ کعبہ کے عین عمودی رخ پر ہوگا، جس کی وجہ سے پوری دنیا میں مسلمان بغیر قطب نما کے بھی قبلے کی درست سمت کا تعین کر سکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے ہموار جگہ پر ایک سیدھی لکڑی یا ڈنڈی عمودی طور پر نصب کی جائے، اور اس کے سائے کی مخالف سمت قبلے کا رخ ہوگی۔واضح رہے کہ یہ فلکیاتی مظہر سال میں دو مرتبہ پیش آتا ہے۔ ماضی میں بھی سورج کے عین خانہ کعبہ کے اوپر آنے کے موقع پر قبلے کی سمت معلوم کرنے کے لیے یہی طریقہ استعمال کیا جاتا تھا، جس میں زمین میں گاڑی گئی لکڑی کے سائے کی مخالف سمت کو قبلے کا رخ قرار دیا جاتا تھا۔