سیف سٹیز ڈرونز کی نگرانی، خلاف ورزیوں کی بروقت نشاندہی

لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے جدید سمارٹ ڈرونز نے گزشتہ ہفتے مختلف علاقوں میں م ئوثر نگرانی کرتے ہوئے متعدد خلاف ورزیوں اور عوامی سلامتی کو درپیش خطرات کی بروقت نشاندہی کی۔ترجمان سیف سٹی کے مطابق ڈرون سرویلنس کے ذریعے کرائم ہاٹ اسپاٹس، پتنگ بازی، ماحولیاتی آلودگی اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی گئی۔ ڈرون ٹیم نے محمود بوٹی، قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ، کرول گھاٹی، کھوکھر ٹا ئون اور سلامت پورہ فیکٹری ایریا میں فیکٹریوں سے دھواں خارج ہونے کے واقعات کی نشاندہی کی، جس پر متعلقہ ماحولیاتی اور ضلعی اداروں نے فوری کارروائیاں عمل میں لائیں۔اسی دوران شاہدرہ ٹا ئون، ہنجر وال، سلامت پورہ اور بادامی باغ میں پتنگ بازی کے متعدد واقعات بھی ڈرون سرویلنس کے ذریعے رپورٹ کیے گئے۔ اطلاعات موصول ہوتے ہی متعلقہ پولیس اسٹیشنز کو آگاہ کیا گیا، جس کے بعد قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔ترجمان سیف سٹی کا کہنا ہے کہ سمارٹ ڈرونز کے ذریعے شہریوں کی جان و مال کے لیے خطرہ بننے والی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے، جبکہ حساس مقامات، مارکیٹس، پارکس اور اہم عوامی مقامات کی 24 گھنٹے نگرانی بھی یقینی بنائی جا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈرون سرویلنس کی بدولت فیلڈ فورسز کے رسپانس ٹائم اور کارروائی کی استعداد میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی جدید ٹیکنالوجی کے م ئوثر استعمال کے ذریعے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور محفوظ ماحول کی فراہمی کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔