پی ڈی پی فیز ٹو :تعمیر سے آپریشن، اختیار نئے واساز کے پاس ہوگا

متعدد اضلاع میں میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی کے ذریعے ترقیاتی کام شروع 
لاہور (خصوصی رپورٹ)اکتالیس اضلاع میں قائم واساز کو عملی طور پر بااختیار بنانے کی تیاری مکمل ہے۔25اضلاع میں اربوں روپے کے سیوریج اور واٹر سپلائی منصوبے براہِ راست واسا کے سپرد ہوں گے۔پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ٹو میں تعمیر سے لے کر آپریشن تک مکمل اختیار نئے واساز کے پاس ہوگا۔ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے صوبے میں ترقیاتی ڈھانچے کو ازسرنو منظم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے 41 اضلاع میں قائم واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسیز، یعنی واساز، کو مرکزی کردار دینے کی حکمت عملی اختیار کر لی ہے۔ اس فیصلے کے تحت 25 اضلاع میں سیوریج اور فراہمی آب کی تمام نئی ترقیاتی سکیمیں براہ راست متعلقہ واسا کے ذریعے مکمل کرائی جائیں گی۔ماضی میں مختلف ترقیاتی پروگرامز کے دوران ذمہ داریاں تقسیم رہیں۔ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ون اور ٹو میں ضلعی حکومت اور واسا دونوں کو علیحدہ علیحدہ کردار دیا گیا۔ بعد ازاں جب پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کا آغاز ہوا تو محکمہ ہاو سنگ نے ایک الگ پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ قائم کر کے ٹینڈرنگ اور عملدرآمد کی ذمہ داری اس کے سپرد کر دی۔