اس بار احتجاج نتیجہ خیز ہوگا، جب میں وار کروں گا تو ان کے پاس حل نہیں ہوگا سہیل آفریدی

میرے پاس لیڈر سے ملنے کیلئے احتجاج کے علاوہ کوئی راستہ نہیں، بانی پی ٹی آئی کا فری اینڈ فیئر ٹرائل نہیں ہو رہا‘سمجھتا ہوں  کسی کی ٹرولنگ نہیں ہونی چاہیے
 ایف آئی اے  کا  نوٹس   میرے لئے فل ٹاس ہے ، رد عمل دوں تو نقصان ملک کا ہوگا،  نقصان کسی صورت نہیں چاہتا
 این ایف سی ایوارڈ سے متعلق اجلاس میں شرکت کروں گا
 اسلا م آباد  (آئی این پی ) وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی  نے کہاہے  میرے پاس لیڈر سے ملنے کیلئے احتجاج کے علاوہ کوئی راستہ نہیں، بانی پی ٹی آئی کا فری اینڈ فیئر ٹرائل نہیں ہو رہا، اور اس بار احتجاج نتیجہ خیز ہوگا۔ان خیالات کااظہار وزیراعلی   سہیل آفریدی نے خیبرپختونخوا ہائو س میں میڈیاسے گفتگو میں  کیا ۔وزیراعلی کے پی کا کہنا تھا کہ پہلے جو کوتاہیاں ہوئیں، اب وہ نہیں ہوں گی، ان کے ہر وار کا میرے پاس حل ہے لیکن جب میں وار کروں گا تو ان کے پاس حل نہیں ہوگا۔انھوں نے کہا کہ دنیا کے سامنے ان کو ایکسپوز کر رہا ہوں، یہ آئین کو مانتے ہیں نہ قانون کومانتے ہیں، روزانہ اڈیالہ جاتاہوں ملاقات نہیں ہونے دی جا رہی۔وزیراعلی خیبرپختونخوا نے بتایا کہ صوبہ بہترین طریقے سے چل رہاہے،مسئلہ امن و امان کا ہے، خیبرپختونخوا میں ترقیاتی کاموں پرکام جاری ہے، سمجھتا ہوں کہ کسی کی ٹرولنگ نہیں ہونی چاہیے، وزیراعظم ہی نہیں کسی بھی حکومتی آفس بیئررکی ٹرولنگ نہیں ہونی چاہیے۔ایف آئی اے نوٹس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے نے جو نوٹس بھیجا وہ میرے لئے فل ٹاس ہے، ایف آئی اے نوٹس پر رد عمل دوں تو نقصان ملک کا ہوگا، میں ملک کا نقصان کسی صورت نہیں چاہتا۔