چوک ناخدامیں شمالی لاہور کا پہلا انڈر پاس تعمیر ہوگا

گنجان آباد علاقے میں ٹریفک کا دباؤ کم کرنے کیلئے منصوبے کی تیاری شروع 
لاہور (خصوصی رپورٹ)لاہور کے گنجان آباد شمالی علاقے میں برسوں سے جاری ٹریفک کا دباؤ کم کرنے کیلئے پنجاب حکومت نے اہم منصوبے کی تیاری شروع کر دی۔ چوک ناخدا کے مقام پر شمالی لاہور کا پہلا انڈر پاس تعمیر ہوگا، جسکی ذمہ داری ایل ڈی اے کو تفویض کر دی گئی۔ذرائع کے مطابق منصوبے کا ابتدائی تخمینہ 2ارب25کروڑ 46 لاکھ18ہزار لگایا گیا ہے، حکومت نے منصوبے کو آئندہ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے تاکہ منظوری کے بعد تعمیراتی سرگرمیوں کا جلد آغاز کیا جا سکیجبکہ منصوبے کو باقاعدہ منظوری دلوانے کیلئے حکومت نے پروونشل ورکنگ پارٹی کا اجلاس بھی طلب کر لیا ہے۔ منصوبے کے تحت انڈر پاس دو طرفہ ٹریفک کیلئے ہوگا، دونوں اطراف دو، دو لینز مختص ہونگی۔ انڈر پاس شاہ میراں روڈ سے شادباغ روڈ کی جانب بنایا جائیگا تاکہ اس مصروف ترین کوریڈور پر ٹریفک کا بہاؤ بہتر بنایا جا سکے۔چوک ناخدا شہر کے اْن اہم ترین جنکشنز میں شمار ہوتا ہے جہاں دن بھر ٹریفک کا شدید دباؤ رہتا ہے۔ بالخصوص شاہدرہ، شادباغ، ٹیکسالی، اندرون شہر اور ملحقہ آبادیوں سے آنیوالی گاڑیوں کو طویل انتظار اور بدترین رش کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔