ایم پی اے ہاسٹل میں ملازم کی پر اسرار ہلاکت

 نوید مسیح نے گولی لگنے سے دم توڑا، پستول پکڑا ہوا تھا ، اچانک گولی چل گئی :باورچی ،تحقیقات شروع
لاہور(کرائم رپورٹر)اسلام پورہ کے علاقے میں واقع ایم پی اے ہاسٹل (پیپلز ہا ئوس)میں ایک 35 سالہ ملازم پراسرار طور پر گولی لگنے سے ہلاک ہو گیا ،پولیس نے لاش پوسٹمارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کر کے تفتیش شروع کردی ۔تفصیلات کے مطابق اسلام پورہ کے علاقے میں واقع ایم پی اے ہاسٹل (پیپلز ہا ئوس )میں 35 سالہ نوید مسیح ملازم تھا،گزشتہ روز ایم پی اے سید سبطین شاہ کو الاٹ کمرے میں نوید مسیح پراسرار طور پر گولی لگنے سے ہلاک ہو گیا ۔وہاں قریب موجود باورچی کا کہنا ہے کہ نوید مسیح نے پستول پکڑا ہوا تھا کہ اچانک پستول سیگولی چل گئی جس کی زد میں آکر نوید موقع پر ہی دم توڑ گیا ، اطلاع ملنے پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی،جہاں نوید کی لاش اور پاس ہی پستول پڑا تھا۔ پولیس نے اتفاقی حادثہ، خودکشی اور قتل سمیت مختلف پہلو ئوں پر تفتیش شروع کردی ۔ ایس پی سٹی بلال احمد نے کہا ہے کہ جلد اصل حقائق سامنے آجائیں گے،جن کی روشنی میں مزید کارروائی کی جائے گی۔