قصور کا رہائشی اریب لیاقت نجی یونیورسٹی میں مفت تعلیم کیلئے مقابلے کا امتحان دینے آیا تھا
لاہور(کرائم رپورٹر) ڈیفنس بی کے علاقے میں واقع ایک نجی یونیورسٹی کے ہاسٹل سے 18 سالہ طالب علم اریب لیاقت مردہ حالت میں پایا گیاپولیس کے مطابق اریب لیاقت ناشتے کے دوران اچانک طبیعت خراب ہونے پر بے ہوش ہوگیا، جس پر ساتھی طلبہ نے ریسکیو کو اطلاع دی، تاہم ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر اس کی موت کی تصدیق کر دی۔ متوفی قصور کا رہائشی تھا اور مقابلے کے امتحان میں شرکت کے لیے نجی یونیورسٹی آیا تھا، جہاں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو مفت تعلیم دی جاتی ہے۔ اطلاع ملنے پر اے ایس پی ڈیفنس فضل رحمان، ایس ایچ او ڈیفنس بی، پولیس اور فرانزک ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کیے۔ پولیس نے لاش تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دی ہے۔ ایس پی کینٹ انویسٹی گیشنز راحیلہ اقبال کے مطابق موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آئے گی، جبکہ قانونی کارروائی جاری ہے۔