اسلام آباد ( آن لائن )وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق رمضان المبارک کے باوجود ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی میں 0.54 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق ملک میں مہنگائی کی مجموعی سالانہ شرح کم ہو کر 4.23 فیصد پر آ گئی ہے۔ تاہم ہفتہ وار کمی کے باوجود ایک ہفتے کے دوران 13 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ 14 اشیاء سستی اور 24 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے میں کیلے 4.49 فیصد مہنگے ہوئے، لہسن کی قیمت میں 0.81 فیصد اور مٹن میں 0.63 فیصد اضافہ ہوا۔ اس کے علاوہ دہی، دال ماش، بیف اور پاؤڈر دودھ کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔دوسری جانب بعض سبزیوں اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ ٹماٹر کی قیمت میں 29.67 فیصد کمی ہوئی، آلو 10.62 فیصد اور چکن 9.03 فیصد سستا ہوا۔ اسی طرح پیاز 7.44 فیصد اور انڈے 3.43 فیصد سستے ہوئے