اسلام آباد (آئی این پی) ملک میں ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی میں 0.03 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی، مہنگائی کی مجموعی سالانہ شرح 3.90 فیصد پر آگئی ۔وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی۔ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں 12 اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ، 10 اشیا سستی ، 29 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں چکن 6.19 اور آٹا 2.88 فیصد مہنگا ہوا،انڈے 0.93 ، گھی ، کوکنگ آئل اور دال مونگ بھی مہنگی ہوئی۔ ایک ہفتے میں ٹماٹر 16.18 اور چینی 4.91 فیصد سستی ہوئی،پیاز 4.08 اور آلو 1.71 فیصد سستے ہوئے،حالیہ ہفتے کیلے ، دال چنا ، دال مسور اور ایل پی جی بھی سستی ہوئی۔