سالانہ مہنگائی 14.47 فیصد پر برقرار‘ٹماٹر، پیاز اور آٹے سمیت کئی اشیاء کی قیمتیں بڑھ گئیں
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی ادارہ شماریات نے ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی تازہ رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق مجموعی مہنگائی میں 0.33 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس کے باوجود ایک ہفتے کے دوران 26 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ 11 اشیاء سستی رہیں اور 14 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ اضافہ ٹماٹر میں ہوا جو 7.17 فیصد مہنگاہوا، اس کے علاوہ پیاز 6.08 فیصد اورآٹے کی قیمتوں میں 1.84 فیصد اضافہ ہوا۔ آلو کی قیمت میں 0.87 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسی دوران کوکنک آئل، چائے اور دودھ سمیت دیگر کئی اشیاء بھی مہنگی ہوئیں۔ادارہ شماریات نے بتایا کہ ایک ہفتے میں چکن 8.56 فیصد سستا ہوا۔ پہلی سہ ماہی میں بجلی کے چارجز میں 6.08 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں 1.21 فیصد کمی جبکہ ایل پی جی کی قیمتیں 0.87 فیصد کم ہوئیں۔ اسی طرح لہسن، دالیں، انڈے اور کیلے بھی سستے ہوئے۔