پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کاہڑتال کی حمایت سے انکار

کراچی (خصوصی رپورٹ) چیئرمین پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن عبد السمیع خان نے اپنی رہائشگاہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے آل پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا ایک پریشر گروپ بناکرہم پر مسلط کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، آل پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی ان کی جانب سے ہڑتال کی حمایت کرتے ہیں۔ عبد السمیع خان نے ڈی ریگولیشن فارمولے پر حکومت کو ایک بار پھر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت سے کوئی بھلائی کی امید نہیں، ڈی ریگولیشن سسٹم کے ممکنہ نفاذ کے سبب یومیہ پٹرولیم اسمگلنگ کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے۔ چیئرمین پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن عبد السمیع خان نے مزید کہا کہ پٹرولیم اسمگلنگ روکنے میں وزارت پٹرولیم ناکام ہوگئی ہے ، ڈی ریگولیشن کے سلسلے میں وزارت پٹرولیم کے دباوٓ میں نہیں آئیں گے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ کئی ادارے پٹرولیم اسمگلنگ کے نیٹ ورک میں مبتلا ہیں اور سونے پر سہاگہ پٹرولیم مصنوعات کو ڈی ریگولیٹ کرنے کی خبروں نے پٹرولیم اسمگلنگ کو مزید پرلگا دیئے ہیں۔ دوسری جانب انہوں نے بتایا کہ ڈی ریگولیٹ سے آئل کمپنیوں کو بھرپور فائدہ ہوگا اور پٹرولیم ڈیلرز خسارے میں مبتلا ہو جائیں گے۔