کراچی (آئی این پی )پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے حکومت کی فیول ریلیف سکیم پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے موجودہ طریقہ کار کو ناقابل عمل قرار دے دیا۔پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوی ایشن ترجمان کے مطابق حکومتی اسکیم میں جعلی آئی ڈیز کے ذریعے ممکنہ فراڈ کا خطرہ موجود ہے، جس کا مالی بوجھ پیٹرول پمپ مالکان پر پڑ سکتا ہے۔انہوں نے پیٹرول پمپ مالکان کی مشکلات سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک پیٹرول پمپ پر بیک وقت درجنوں موٹر سائیکلیں موجود ہوتی ہیں، اس لیے ہر صارف کی انوائس چیک کرنا عملی طور پر مشکل ہوگا، جس سے لمبی قطاروں اور آپریشنل مسائل کا خدشہ ہے۔ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حکومت سکیم کا طریقہ کار ڈیلرز سے مشاورت کے بعد طے کرے جبکہ ریلیف کی رقم کی ادائیگی حکومت یا آئل کمپنیوں کے ذریعے کی جائے تاکہ ڈیلرز کو براہ راست ذمہ دار نہ بنایا جائے۔