تمام پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا مشکور ہوں،خطے کی صورت حال کی وجہ سے ہم سب تکلیف میں ہیں:علی پرویز ملک

مذاکرات کامیاب پیٹرول پمپ مالکان کی ہڑتال ملتوی
حکومتی یقین دہانی پر پیٹرول پمپ مالکان کا ہڑتال مؤخر کرنے کا اعلان،حکومت نے تحریری یقین دہانی اور مطالبات کے حل کیلیے دو ہفتوں کی مہلت مانگ لی، مارجن کے معاملے پر مذاکرات کامیاب ہوگئے
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،بیورو رپورٹ)حکومتی یقین دہانی پر پیٹرول پمپ مالکان کا ہڑتال مؤخر کرنے کا اعلان،حکومت نے تحریری یقین دہانی اور مطالبات کے حل کیلئے دو ہفتوں کی مہلت مانگ لی، مارجن کے معاملے پر مذاکرات کامیاب ہوگئے۔پیٹرول پمپ مالکان کی ایسوسی ایشن نے حکومت کی جانب سے مطالبات حل کرنے کی یقین دہانیوں پر ہڑتال مؤخر کرنے کا اعلان کردیا۔ وفاقی وزیر پیٹرولیم اور پمپ مالکان ایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات ہوئے جس میں یومیہ قیمتوں کے تعین کے نئے نظام اور مارجنز سمیت دیگر مطالبات پر گفتگو ہوئی جس میں حکومت نے مالکان کے تحفظات کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تمام پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا مشکور ہوں،خطے کی صورت حال کی وجہ سے ہم سب تکلیف میں ہیں جبکہ قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے عوام کو مشکلات ہیں۔علی پرویز ملک نے کہا کہ وزیر اعظم اور حکومت عوام کی مشکلات سے آگاہ ہے، حکومت نے اربوں روپے خرچ کرتے ہوئے اس تکلیف کے آگے بند باندھنے کی کوشش کی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پٹرولیم سبسڈی کیلئے پورا ایک نظام لایا گیا، اب دوبارہ خطے میں جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں، جس کی وجہ سے پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ کا پہاڑ کھڑا ہوا ہے، عالمی منڈیوں میں پٹرولیم قمتوں میں بڑا اضافہ ہو رہا ہے جبکہ عالمی معاہدوں کے باوجود ہم گنجائش کے مطابق نظام چلارہے ہیں۔