15اگست سے پمپس بند،پٹرولیم ڈیلرز کا الٹی میٹم
باہمی مشاورت کے بعد حکومت کو آخری مہلت دینے کا فیصلہ کیا گیا ،14 ہزار ڈیلرز اپنے کاروبار سے متعلق مسائل کے فوری حل کے منتظر ہیں،پٹرول پر مارجن 8 فیصد کیا جائے : ملک خدا بخش، طارق حسن کی پریس کانفرنس
لاہور کراچی (خصوصی رپورٹ ) پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے حکومت کو مطالبات کی منظوری کے لیے 72 گھنٹوں کا الٹی میٹم دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو 15 اگست صبح 6 بجے سے ملک بھرمیں پٹرول پمپس غیر معینہ مدت کے لیے بند کردیئے جائیں گے۔اس بات کا اعلان پریس کانفرنس کرتے ہوئے پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک خدا بخش اور نائب چیئرمین طارق حسن نے کیا۔ملک خدا بخش نے کہا کہ ملک بھر کے پٹرولیم ڈیلرز کے اجلاس میں باہمی مشاورت کے بعد حکومت کو آخری مہلت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، حکومت کو اس سے قبل بھی دو ہفتوں کی مہلت دی گئی تھی جو اب مکمل ہوچکی، تاہم ڈیلرز کے مطالبات پر کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا،مقررہ مہلت ختم ہونے کے بعد حکومت کو خط کے ذریعے آگاہ کردیا گیا تھا کہ ملک بھر کے 14 ہزار پٹرولیم ڈیلرز کا دبائو بڑھ رہا ہے اور وہ اپنے کاروبار سیمتعلق مسائل کے فوری حل کے منتظر ہیں،حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں لیکن اب صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ،ڈیلرز کا بنیادی مطالبہ پٹرول پر مارجن بڑھا کر 8 فیصد کرنا ہے۔طارق حسن نے کہا کہ پہلے مرحلے میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم سے رابطہ کیا جائے گا، اگر وہاں سے بھی مسئلہ حل نہ ہوا تو عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ایسوسی ایشن کے اعلان سے ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی اور عوام کو درپیش ممکنہ مشکلات کے حوالے سے تشویش پیدا ہوگئی ہے۔