موٹر سائیکل کی پارکنگ فیس 10سے بڑھا کر 20، کار کی 30سے 50روپے کرنے کی تجویز سامنے آ گئی

لاہوریوں کو مہنگائی کا جھٹکا پارکنگ فیس ڈبل کرنے کی تیاری
 244رجسٹرڈ پارکنگ سائٹس پر ٹوکن فیس بڑھانے کی تیاریاں مکمل ،پارکنگ کمپنی بورڈ اجلاس میں اے کلاس 30پارکنگ سائٹس آئوٹ سورس کرنے کی بھی تجویز ، ریٹس بڑھانے کی منظوری ایڈمنسٹریٹر احکامات سے مشروط ہے 
لاہور ( کرائم رپورٹر)لاہوریوں کو مہنگائی کا جھٹکا،پارکنگ فیس ڈبل کرنے کی تیاری کرلی گئی کار ،موٹر سائیکل اور ٹرک کی پارکنگ فیس بڑھانے کی تجویز دیدی گئی ،پارکنگ ٹوکن ٹیکس کے ریٹس دہرانے کا منصوبہ بنا لیا گیا۔ تفصیل کے مطابق شہر کی 244رجسٹرڈ پارکنگ سائٹس پر ٹوکن فیس بڑھانے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ذرائع کے مطابق موٹر سائیکل کی پارکنگ فیس 10سے بڑھا کر 20روپے کرنے کی تجویز ہے جبکہ کار کی پارکنگ فیس 30سے بڑھا کر 50روپے کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ پارکنگ کمپنی کے بورڈ اجلاس میں اے کلاس 30پارکنگ سائٹس آئوٹ سورس کرنے اور ان کی آٹو میشن کرنے کی تجویز بھی دی گئی۔2022میں لاہور پارکنگ کمپنی کے 26ویں بورڈ اجلاس کے ایجنڈا کی پارکنگ فیس بڑھانے کی منظوری جولائی 2024میں دی گئی۔جبکہ فیس ری شیڈول ریٹس سے منافع ریونیو اہداف مانگ لئے گئے۔ذرائع کے مطابق پارکنگ سائٹس ٹوکن فیس کی مد میں پہلے ریٹس کے مطابق آمدنی اور فیس بڑھانے کی تجویز کے بعد آمدنی کیا ہے اس سلسلے میں پارکنگ ریٹس بڑھانے کیلئے افسروں نے بریفنگ تیار کر لی۔ پارکنگ کمپنی افسر اہداف بارے ایڈمنسٹریٹر کو بریفنگ دیں گے۔پارکنگ ریٹس بڑھانے کی منظوری ایڈمنسٹریٹر لاہور کے احکامات سے مشروط ہے۔