جنوبی کوریا: پارلیمنٹ نے چند روز کے دوران دوسرے صدر کی بھی چھٹی کر دی

قائم مقام صدر ہان ڈک سو کے مواخذے کی قرارداد کو پارلیمنٹ نے کثرت رائے سے منظور کر لیا
  سئیول(آئی این پی )جنوبی کوریا کی پارلیمنٹ نے چند روز کے دوران دوسرے صدر کے خلاف مواخذے کی قرارداد منظور کر لی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی کوریا کی اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے قائم مقام صدر ہان ڈک سو کے مواخذے کی قرارداد کو پارلیمنٹ نے کثرت رائے سے منظور کر لیا۔جنوبی کوریا کے قائم مقام صدر نے اپنی جماعت سے تعلق رکھنے والے سابق صدر یون سک یول کیخلاف کارروائی کے لیے آئینی ججوں کی تقرری سے انکارکر دیا تھا جس پر اپوزیشن نے صدر کے خلاف مواخذے کی تحریک لانے کا اعلان کیا تھا۔ ہان ڈک سو جنوبی کوریا کے وزیراعظم بھی ہیں اور یہ پہلی بار ہوا ہے کہ جنوبی کوریا نے کسی قائم مقام صدر کے خلاف تحریک عدم اعتماد منظور کی ہے۔